مستقل کیا جائے ورنہ نواز شریف کی ہر پیشی پر احتجاج کریں گے:اساتذہ

مستقل کیا جائے ورنہ نواز شریف کی ہر پیشی پر احتجاج کریں گے:اساتذہ


اسلام آباد(24نیوز) شریف خاندان کی احتساب عدالت میں پیشیوں کا سلسلہ جاری ، سابق وزیر اعظم کی پیشی پر ڈیلی ویجز اساتذہ احتجاج کرنے پہنچ گئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی سال سے کام کر رہے ہیں لیکن مستقل نہیں کیا جارہا، ہمیں مستقل کیا جائے ورنہ نواز شریف کی ہر پیشی پر احتجاج کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچے تو پارٹی رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔نوازشریف اور مریم نواز درجنوں گاڑیوں کے قافلے میں پہلے پنجاب ہائوس اور پھر جوڈیشل کمپلیکس پہنچے۔ احتساب عدالت پہنچنے پر پہلے تو ن لیگ کے کارکن ان کے حق میں نعرے لگاتے تھے۔ اس بار معاملہ کچھ الٹ ہوگیا۔ اسلام آباد کے ڈیلی ویجز اساتذہ احتجاج کرنے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر جمع تھے۔جنہوں نے قافلہ آتا دیکھ کر حکومت مخالف نعرے بازی شروع کر دی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔

ڈیلی ویجزاساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ 10 سال سے وفاقی تعلیمی اداروں میں کام کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ ڈیلی ویجزاساتذہ نے مطالبہ کیا کہ انہیں جلد مستقل کیا جائے۔ ورنہ نواز شریف کی ہر پیشی پر وہ اسی طرح احتجاج کریں گے۔