شریفوں کی دم پر پیر آیا تو چیخیں نکل گئیں:شرجیل میمن

شریفوں کی دم پر پیر آیا تو چیخیں نکل گئیں:شرجیل میمن


کراچی(24نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شریف برادران نیب کو دھمکیاں نہ دیں، نیب سندھ میں کارروائیاں کررہی تھی تو شریف برادران لڈیاں ڈالتے تھے،شہباز شریف نے نیب کے سامنے پیش ہوکر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کراچی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جب نیب نے شریفوں کی دم پر پیر رکھا تو انکی چیخیں نکل گئیں۔ شریف برادران نیب کو دھمکیاں نہ دیں بلکہ مردوں کی طرح کرپشن کے مقدمات کا سامنا کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی نیب کے سامنے پیشی پر تبصرہ کرتے ہوئے شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف پیش ہوئے ہیں تو اس نے کوئی احسان نہیں کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شریف فیملی کے معاملے پر نیب کا قانون الگ اور سندھ کے لئے الگ ہے۔ شرجیل میمن نے سوال کیا ہے کہ کیا وجہ ہےاسحاق ڈار اور شریف فیملی کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جارہے؟ایس ایس راو انوار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔

دوسری جانب ریفرنس میں نامزد ملزم گلزار احمد کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ریفرنس کی سماعت بند کمرے میں کی گئی۔عدالت نے ملزم انعام اکبر کی جانب سے مقدمے کی نقول کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ آئندہ سماعت پر ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔