جو پارلیمان پر لعنت بھیجے وہ خود لعنتی ہے:ڈپٹی سپیکر

جو پارلیمان پر لعنت بھیجے وہ خود لعنتی ہے:ڈپٹی سپیکر


اسلام آباد(24نیوز) قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں بھی پارلیمنٹ پر لعنت کی گونج سنائی دی گئی، دوسروں کو روکتے روکتے ڈپٹی اسپیکر کے اپنے منہ سے لفظ لعنت نکل گیا، رولنگ دینے پر تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا، ایوان میں ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن حامد الحق نے مطالبہ کیا کہ ارکان کو لعنت والے ایشو پر بولنے دیا جائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے بولنے کا وقت دے دیا، حامد الحق نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں جھوٹوں پر لعنت فرمائی ہے۔ پی پی پی کے رکن عبد الستار بچانی نے کہا کہ حامد الحق نے پھر ایوان پر لعنت بھیجی ہے۔ شہریار آفریدی بولے جو پارلیمان ختم نبوت کے خلاف قانون سازی کرے تو کیااس پر لعنت نہ بھیجی جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا جو پارلیمان پر لعنت بھیجے وہ خود لعنتی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ملک عامر ڈوگر نے نکتہ اٹھایا کہ اب تک راجہ ظفر الحق رپورٹ کیوں جاری نہیں کی گئی۔ ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی نے رولنگ دی کہ جو پارلیمان پر لعنت بھیجے پوری قوم اس پر لعنت بھیجے۔ تحریک انصاف کے ارکان مشتعل ہوگئے اور اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا۔ ایوان میں ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

ن لیگ کے رکن کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا تحریک انصاف والوں کو چھوڑ دیں۔ ان کے پاس لعنت دینے کے سوا کچھ ہے ہی نہیں۔ اجلاس کل صبح ساڑھے10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔