عمران خان نے استعفوں کا آپشن درست وقت پر استعمال کرنے کا اعلان کردیا

عمران خان نے استعفوں کا آپشن درست وقت پر استعمال کرنے کا اعلان کردیا


اسلام آباد (24 نیوز) شیخ رشید کے بعد عمران خان نے بھی اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن فوری کی بجائے کسی درست وقت پر استعمال کرنے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ پنجاب اور سندھ میں ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کرپشن ہوئی جسے منظرعام پر لایا جائے گا۔ فاٹا کا جلد انضمام نہ ہونا خطرناک ہوگا۔

تحریک انصاف کی مجلس عاملہ کے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی سربراہ عمران خان نے عقیدہ ختم نبوت پر راجا ظفرالحق کی تحقیقات رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کیخلاف مولانا فضل الرحمن کے موقف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صرف اعلیٰ عدلیہ کا دائرہ فاٹا تک بڑھانا کافی نہیں ، دہشت گردی کو روکنے کیلئے فاٹا کا انضمام ضروری ہے۔

انہوں نے وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ نون حکومت اور سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کرکے مبینہ کرپشن منظر عام پر لانے کا اعلان بھی کیا۔

عمران خان نے اسمبلیوں سے استعفوں کے سوال پر بتایا کہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان کے استعفے انکے پاس موجود ہیں ، شیخ رشید احمد کی مشاورت سے استعفے دینے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے کارکنوں کو ملک گیر سطح پر متحرک ہو کر الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔