شکار پور: سرکاری سکول کے کلاس رومز میں سیوریج کا پانی جمع ہو گیا

شکار پور: سرکاری سکول کے کلاس رومز میں سیوریج کا پانی جمع ہو گیا


شکار پور (24 نیوز) تعلیم کی بنیادی سہولیات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول شکارپور کے کلاس رومز میں سیوریج کا گندا پانی جمع ہو گیا، طلبہ ٹھنڈ میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شکارپور میں بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے دعوؤں کا پول کھل گیا۔ شہر کے مصروف ترین علاقہ رستم چوک کا گورنمنٹ پرائمری اسکول کوٹ اختر محمد کے کلاس رومز میں ایک ہفتہ سے سیوریج کا گندا پانی جمع ہے۔ گندگی اور تعفن سے طلبہ اور اساتذہ کا کلاس رومز میں بیٹھنا محال ہوگیا۔ اسکول کے بچے میدان میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کو کئی بار تحریری شکایات کی گئیں لیکن حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ سیورج کا گندہ پانی کلاس روم میں داخل ہونے سے کلاس رومز تالاب کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

اسکول انتظامیہ نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کہ اسکول میں جمع سیوریج کا گندا پانی جلد سے جلد نکال کر صاف کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کلاس روم میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کر سکیں۔