مریم نواز کے بعد خواجہ آصف بھی شہباز شریف کے بیانیے کے مخالف نکلے

مریم نواز کے بعد خواجہ آصف بھی شہباز شریف کے بیانیے کے مخالف نکلے


سیالکوٹ (24نیوز)ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے بھی مریم نواز کے بیانیے کی حمایت کردی،ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے میثاق معیشت کی تجویز پیش کی تھی اور مریم نواز نے میثاق معیشت پر جو بات کی وہ بات بھی درست ہے۔

سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ معیشت پر محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے، تمام سیاسی قوتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے اور حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو بجٹ پر اپوزیشن کی تجاویز پر عمل کرے۔ میاں شہباز اور مریم نواز کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں، اگر انہوں نے میثاق معیشت کو مذاق کہا ہے تو درست ہے، میاں شہباز ہمارے پارٹی کے صدر ہیں اور میاں نواز کو میاں شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بات ہمیں آج بھی متحد رکھے گی وہ میاں نواز شریف   کی قیادت ہے، میاں صاحب کا بیانیہ آئین کی زبان ہے، آج اگر میرے یا مریم یا شہباز کے مؤقف کی اہمیت ہے تو وہ نواز شریف کے بیانیے کا امتزاج ہے۔ حکومت تمام اقدامات کرچکی، میثاق معیشت پر ٹھوس بات نہیں ہوسکتی، ہماری خواہش ہے کہ ملک ترقی کرے لیکن حکومت کی پالیسی درست نہیں، نئی صورتحال میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ جائے گی۔

بجٹ عوام دشمن ہے، بزنس فرینڈلی نہیں، یہ بجٹ معیشت کو مزید خراب اور کاروبار کو تباہ کرے گا، پہلے کاروبار اور غریب عوام کو ریلیف ملے پھر میثاق معیشت پر بات ہو، اگر حکومت پُرخلوص ہے تو پہلے عوام دشمن بجٹ پر بات کرے۔ حکومت کو مشورہ دیا کہ آئی ایم ایف اور باہر سے معاشی ڈاکٹر بلانے کے بجائے اندر سے رائے لی جائے، پیپلز پارٹی اور مشرف دور کے لوگ دوبارہ آگئے ہیں اور وہ اپنے چاہنے والوں کے مرضی سے اقدامات لیتے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer