جوڈیشل مارشل لا کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں:چیف جسٹس


لاہور ( 24نیوز )مسیحی بھائی بھی یوم پاکستان جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ملک بھر کے چرچوں کی طرح کیتھڈرل چرچ مال روڈ میں تقریب میں چیف جسٹس پاکستان نے بھی شرکت کی،کیتھڈرل چرچ مال روڈ میں یوم پاکستان کی تقریب چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی اہلیہ کے ہمراہ شرکت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نےپرچم کشائی کی ۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدنصیب ہیں وہ لوگ جن کا اپنا وطن نہیں ہوتا، چیف جسٹس پاکستان ہم خوش قسمت ہیں کہ آزاد ملک میں ہیں،جومحبت ماں سے کی جاتی ہے وہ ملک سے کرنی چا ہئے، تعلیم حاصل کرکے ہم کامیاب ہوسکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ جوڈیشل مارشل لا کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، نہ مارشل لا باہر سے ہے اور نہ مارشل لا اندر سے ہے، پاکستان میں جمہوریت کوڈی ریل ہونے نہیں دیں گے، ملک کوآئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے، پاکستان میں صرف قانون کی حکمرانی ہوگی اور آئین سے ماورا کسی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ملک کی ترقی کے لیے اہم ترین عنصر لیڈر شپ ہے اور ملک کی ترقی کا اہم جز قانون کی حکمرانی، آزاد عدلیہ اور لوگوں کو بلاتفریق انصاف فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے۔۔۔”امن کا نشان،ہمارا پاکستان“ٹینکوں،طیاروں کی گھن گرج سے دشمن پر خوف طاری
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں کہ آزاد ملک میں پیدا ہوئے، یہ ملک ہمارے لیے ایک نعمت ہے اور بحیثیت قوم ہمیں ہر قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے، ہمیں آزادی کے احترام کے ساتھ اس کا تحفظ بھی کرنا ہے، جو صرف الفاظ یا دکھاوے سے نہیں ہوتا، ایک قوم بن کر آزادی کا تحفظ ہوسکتا ہے اور ہمیں ایک قوم بن کردکھانا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی زندگی میں انسانیت کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کرنا چاہیے۔