بلاول بھٹو کا نواز شریف اور وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے صاف انکار

بلاول بھٹو کا نواز شریف اور وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے صاف انکار


 لاہور(24نیوز): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول نے نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات سے صاف انکار کر دیا، کہتے ہیں نواز شریف نظریاتی نہیں مطلبی اور مفادپرست ہیں۔ تیس سالہ سیاست میں نواز شریف جمہوریت کے خلاف ہر سازش میں شریک رہے، نواز شریف ذاتی مسائل کو ایک طرف رکھ کر پاکستان اور جمہوریت کا سوچیں، نواز شریف جمہوریت ، جمہوری اداروں، عدلیہ اور فوج کا احترام کریں ۔

واپڈ ٹاؤن میں چودھری منظور کے بھانجے کی شادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نواز شریف کی مفاہمت کی خواہش پر خوب نشتر برسائے۔ بولےنواز شریف سے درخواست ہے کہ اپنے ذاتی مسائل ایک طرف رکھ دیں جو بیانات اور اقدامات کر رہے ان سے ہٹ جائیں، نواز شریف جمہوریت اور اداروں کیلئے اپنی ذہنیت اور طریقہ کار بدلیں، نواز شریف بذات خود جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، نواز شریف ہر بار اپنے فائدے کے لیے موقف بدل لیتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ انکا ملاقات کا کوئی موڈ نہیں ہے، اسحاق ڈار کے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنے چیک پر دستخط نہیں کر سکتے وہ پاکستان کے چیک پر کیا دستخط کریں۔حافظ سعید کی رہائی پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر ہمیں پرامن جمہوری ملک بننا ہے تو امریکہ یا انڈیا کا نہیں اپنا سوچنا ہے، پاکستان کو بچانے کیلئے عسکریت پسندوں اور حملہ کرنےوالوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے۔