چینی قونصل خانے پر حملہ،3 اہلکار ,باپ ،بیٹا شہید،3دہشتگرد ہلاک



کراچی( 24نیوز )دہشتگرد وں کا چینی قونصل خانے پر حملہ ،پولیس اور رینجرز کی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے،دو پولیس اہلکار اور ایک سکیورٹی گار ڈ شہید ہوگئے ہیں۔

شہید ہونیوالوں میں دو پولیس اہلکار،ایک سکیورٹی گارڈ،کوئٹہ سے ویزا لگوانے کیلئے آئے باپ ،بیٹا شامل ہیں۔حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرلی-

تفصیلات کے مطابق دہشتگرد چینی قونصل خانے کی چھت پر موجود ہیں،ایس ایس پی پیر محمد شاہ کراچی کے مطابق ابتدائی طور پر تین دہشت گردوں کی اطلاع ہے، دہشت گرد میں گیٹ اور چھت سے فائرنگ کی جارہی ہے، رینجرز کی مدد بھی طلب کر لی گئی ہے،دہشتگرد چاروں اطراف سے فائرنگ کررہے ہیں ان کی تعداد تین سے زیادہ ہوسکتی ہے،حملہ آوروں کے پاس دستی بم ہیں۔

 دہشتگردوں کو اندر گھسنے نہیں دیا:کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حملہ ویزا سیکشن میں کیا گیا،پولیس نے دہشتگردوں کو اندر گھسنے نہیں دیا،تمام چینی عملہ محفوظ ہے اور تمام دہشتگرد مارے جا چکے ہیں،دو پولیس اہلکار اور ایک سکیورٹی گار ڈ شہید ہوا ہے،ابھی قونصل خانے کو کلیئر نہیں کیا گیا ہے،ڈی آئی جی ساﺅتھ کا کہنا ہے کہ ایک خود کش جیکٹ بھی برآمد بھی ہوئی ہے۔

ویڈیو دیکھیں:

آپریشن مکمل کردیا گیا ہے:آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق تین دہشتگردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی ،تینوں کو ماردیا گیا ہے، چینی قونصل خانے کا عملہ محفوظ ہے،آپریشن مکمل کردیا گیا ہے،رینجرز اور پولیس نے چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

ویڈیو دیکھیں:

وزیر اعظم کی مذمت،تحقیقات کا حکم

وزیر اعظم عمران خان نے چینی قونصلیٹ پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے،وزیر اعظم عمران خا ن نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کو سامنے لایا جائے ۔

سازش کی تہہ تک پہنچیں گے:فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، تمام تین دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، کراچی آپریشن میں دو پولیس کے جوانوں نے خون کا نذرانہ پیش کیا، چین قونصلیٹ کے تمام اہلکار محفوظ ہیں، پولیس اور رینجرز صورتحال کے مکمل کنٹرول میں ہیں،سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔

ویڈیو دیکھیں:

حملہ آوروں کی گاڑی بھی قونصل خانے کے قریب سے مل گئی ہے،سکیورٹی اداروں نے گاڑی کو قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چینی قونصل خانے سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں،جوابی کارروائی میں 2پولیس اہلکاروں کے شہید اور 2کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے،اسی طرح 3دہشتگرد مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

قونصل خانے کے اندر دو دستی بم حملے کئے گئے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی حرکت میں آگئے،انہوں نے پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ پر بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، چینی قونصل جنرل کو فون

وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصل جنرل کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی ہے ،چینی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ میں خیریت سے ہوں،وزیر اعلیٰ نے انہیں تسلی دی ہے کہ آپ اطمینان سے رہیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ چینی قونصل خانہ سی ویو سے کچھ دور کلفٹن بلاک 4 میں واقع ہے، جہاں غیر ملکی قونصل خانوں سمیت ہائی پروفائل دفاتر واقع ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer