لوئر اورکزئی میں بم دھماکہ، 25 افراد شہید،متعدد زخمی

لوئر اورکزئی میں بم دھماکہ، 25 افراد شہید،متعدد زخمی


ہنگو( 24نیوز )ایک روز میں دہشتگردوں کا پاکستان پر دوسرا وار، لوئر اورکزئی میں دھماکے کے نتیجے میں 25افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی اور متعدد افراد زخمی ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ دھماکا مقامی مدرسے کے گیٹ کے سامنے ہوا جس میں زخمی و جاں بحق افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد متاثرہ علاقے کو سکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر سرچ اپریشن شروع کردیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں۔

یاد رہے آ ج چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ،پولیس اور رینجرز کی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے،دو پولیس اہلکار اور ایک سکیورٹی گار ڈ شہید ہوگئے ہیں۔