سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی


کراچی (24 نیوز) مارکیٹوں اور کاروبار میں مندی،  سونے میں سرمایہ کاری بڑھ گئی، عالمی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کے اضافے سے تریسٹھ ہزار سات سو روپے ہو گئی، دس گرام سونا چھ سو پچاسی روپے کے اضافے سے چوون ہزار چھ سو بارہ روپے کا ہو گیا جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت پچاس ہزار اکسٹھ روپے فی دس گرام ہو گئی۔  پاکستان کے برعکس عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں سات ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایسوی ایشن صدر الحاج ہارون چاند کے مطابق سونے کی خریداری بڑھنے کے باعث سونا مہنگا ہو رہا ہے، پہلے دبئی کے مقابلے میں پاکستان میں سونا سستا تھا، اب قیمت برابر ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ملکی اقتصادی صورتحال میں بے یقینی کی وجہ سے لوگ محفوظ سرمایہ کاری کے پیش نظر سونا خرید رہے ہیں، چار روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں دو ہزار تین سو روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔