اب کنٹینرز پر احتجاج کے بجائے علاج ہوگا

اب کنٹینرز پر احتجاج کے بجائے علاج ہوگا


پشاور ( 24 نیوز ) کنٹینرز پر احتجاج کا زمانہ ہوا پرانا، اب کنٹینرز پرعلاج اورآپریشن ہواکرے گا۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے موبائل ہسپتال سے علاج کرنےکا فیصلہ کر لیا۔

کنٹینرز پر احتجاج تو آپ نے سنا بھی ہوگا اور دیکھا بھی ہوگا، لیکن اب خیبر پختونخوا میں مریضوں کا علاج اور آپریشن کنٹینرز میں ہوا کرے گا، محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے دور دراز اضلاع میں علاج اور آپریشن کی مفت سہولیات دینے کا فیصلہ کرلیا،جو  سولرائزڈ موبائل ہسپتال کے ذریعےممکن بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں موبائل ہسپتال کیلئے ترک حکومت کے ساتھ معاہدہ طے کیا گیا،  8 موبائل ہسپتالوں میں آپریشن، الٹرا ساؤنڈ، لیبارٹری اور بلڈ بینک کی سہولت میسر ہوگی۔

واضح رہے موبائل ہسپتال ابتدائی طور پر شانگلہ، سوات، بشام، کوہستان اور دیگر پسماندہ اضلاع میں 15،15دن کیلئے جائیں گی، جس کی مدد سے جگر، پیٹ، گلہ اور اپینڈکس کے آپریشن کیے جائیں گے۔