لازوال غزل گائیک گلبہار بانو بھائی کی قیدسے بازیاب

لازوال غزل گائیک گلبہار بانو بھائی کی قیدسے بازیاب


بہاولپور ( 24 نیوز )ملک و بیرون ملک غزل کی مشہور و معروف صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ گلبہار بانو اپنوں کے رویئے کے باعث ذہنی مریض بن گئیں ، سوتیلے بھائی نے مبینہ طور پر گلوکارہ کو کمرے میں بند کردیا ہے۔

علاقہ مکینوں کی شکایت پر پولیس نے گلوکارہ کو بازیاب کرا کرسمہ سٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ،اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر گلوکارہ کو پولیس اسٹیشن لے آئے ہیں، گلوکارہ کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، جس کی وجہ سے وہ کچھ بھی ٹھیک سے بتا نہیں سکتی۔گلبہار بانو کے سوتیلے بھائی ایاز کا کہنا ہےکہ بہن سے پیار کرتا ہوں، انہیں کسی قید میں نہیں رکھا، ان کا ذہنی توازن درست نہیں، اس لئے انہیں کمرے میں رکھا ہوا تھا،تاہم گلوکارہ کے دماغ کا علاج بھی جاری ہے۔

دوسری جانب گلوکارہ کے سگے بھائی نعمان بھی تھانہ سمہ سٹہ پہنچ گئے، انہوں نے الزام لگایا کہ گلوکارہ کو سوتیلے بھائی ایاز نے ہی قید میں رکھا ہوا تھا، ہمیں بھی سگی بہن سے ملنے نہیں دیا جاتا، ایاز بہن کی جائیداد ہتھیانہ چاہتا ہے۔گلبہار بانوکیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے توبازیاب کرالیا ،تاہم کیس میں تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے، دونوں بھائیوں کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔