کینیڈامیں وین ڈرائیور نے راہگیروں کو کچل ڈالا،10 افراد ہلاک 15 زخمی


ٹورنٹو(24نیوز) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک شخص نے وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کوکچل ڈالا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

 

غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق 25 سالہ ایلک مین اسیان نامی شخص نے ٹورنٹو میں فٹ پاتھ پر چلنے والے راہگیروں پر گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

ٹورنٹو پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم کا تعلق رچمنڈ ہل سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی محل کو نیا تخت نشین مل گیا

ٹورنٹو پولیس سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا ملزم کا کسی دہشتگرد تنظیم سے کوئی تعلق تھا؟ جس پر ٹورنٹو پولیس چیف نے کہا کہ اس قسم کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ملزم کو دہشت گرد کہا جائے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹویٹر کے ذریعے افسوس کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب مرنے والوں کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔