ن لیگ کے بڑے 'ستون' گرانے کیلئے کپتان کی لاہور میں انٹری


لاہور(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان لندن سے لاہور پہنچ گئے۔ عمران خان آج داتا دربار پرحاضری سے مہم کا آغاز کریں گے ۔ عمران خان   قافلے کی صورت میں اندرون شہر کا دورہ بھی کریں گے۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پی کے سات پانچ آٹھ کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچے، ایئرپورٹ پرکارکنوں نے ان کا پرجوش  استقبال کیا۔ البتہ اس موقع پر پی ٹی آئی کی سرکردہ قیادت نظر نہیں آئی۔ عمران خان میڈیا سے بات چیت کیے بغیر ہی اپنی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ عمران خان نمل یونیورسٹی اورشوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کیلئے لندن گئے تھے جہاں انہوں نے کچھ وقت اپنے بچوں کے ساتھ بھی گزارا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا نابینا وکیل کی اپیل کا نوٹس

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے، 29 اپریل کو مینارپاکستان کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں اندرون شہر کا دورہ کریں گے، داتا دربار پر حاضری کے بعدعمران خان آج پانچ مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔

 پارٹی ذرائع کے مطابق آج اندرون شہر کی متعدد بااثر شخصیات عمران خان کی موجودگی میں ممکنہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گی جبکہ پارٹی اجلاس میں شہر لاہور کے حلقوں میں انتخابی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔