پانچ سنگین مقدمات، طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور


اسلام آباد (24 نیوز) دھرنے کی تیاری کرنے والے طاہر القادری خود بھی قانون کےشکنجے میں آنے لگے۔وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے رپورٹ مرتب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانچ  سنگین مقدمات درج ہیں تین مقدمات انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج ہیں۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے طاہر القادری دائمی وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں جبکہ خصوصی عدالت نے طاہر القادری کی جائیداد بھی قرق کرنے کا حکم جاری کیا ہوا ہےاور تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمات میں ڈاکٹر طاہر القادری نے تاحال ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے طاہر القادری کے خلاف تمام مقدمات اور عدالتی کاروائی کی رپورٹ مرتب کرکے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور شروع کر دیا ہے ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ سے رجوع کیا جائے گا۔