ایشیا کا سب سے بڑا قبرستان

ایشیا کا سب سے بڑا قبرستان "مکلی" ٹھٹہ میں واقع


ٹھٹہ (24 نیوز) برِ اعظم ایشیا کا سب سے بڑا قبرستان پاکستان کے شہر ٹھٹہ میں موجود ہے۔ مکلی قبرستان میں کئی مسلمان حکمران بھی مدفون ہیں۔ چوکور مقبرے میں حکمران جام نظام الدین بھی سپرد خاک ہیں جن کا مقبرہ زبوں حالی کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹہ میں ایشیا کا سب سے بڑا قبرستان مکلی ہے جسے یونیسکو نے 80 کی دہائی میں عالمی ورثہ قرار دیا تھا۔ مکلی میں کئی مسلمان حکمران بھی مدفون ہیں۔ چوکورمقبرے میں سندھ کے حکمران جام نظام الدین اسوڈہ کی آخری آخری آرام گاہ ہے۔

مؤرخین کے مطابق مقبرہ 1509 میں مکمل ہوا جس کی تعمیرکو پانچ سو برس سے زائد ہو گئے ہیں۔ مقبرہ پر بنائے گئے نقوش سندھ، راجپوتانہ اور گجراتی کے فن سنگ تراشی کے بہترین نمونے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ پر اٹھتالیس سال حکمرانی کرنے والے بادشاہ جام نظام الدین اسوڈہ کا مقبرہ زبوں حالی کا شکارہے۔ جگہ جگہ دراریں پڑنے سے زمین بوس ہونے کا خطرہ ہے۔ مقبرے کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اگرفوری اقدامات نہ کیے گئے اور مزارات کو کھنڈرات بننے سے نہ روکا گیا تو عظیم ورثہ کا یہ مظہر اس کا مرقد بن جائے گا۔