پیرسیالوی کی شہبازشریف،راناثنا کے استعفوں کیلئے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن


گوجرانوالہ (24 نیوز) پیرحمیدالدین سیالوی نے پنجاب حکومت کو 31 دسمبر کی ڈیڈلائن دیتے ہو کہا ہے کہ شہبازشریف خود مستعفی ہوجائیں یا رانا ثنا اللہ کا استعفیٰ لیں۔ وعدہ کریں کہ آئندہ مسلم لیگ ن کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔

گوجرانوالہ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے شرکا سے ن لیگ کو ووٹ نہ دینے کا وعدہ بھی لے لیا۔ پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ تمام علماء سے کہتا ہوں کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے متحد ہوجائیں تاکہ نبی کی رسالت پر کوئی آنچ نہ آسکے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کے استعفے کے لیے کانفرنس منسوخ کرنے کی استدعا کی مگر وہ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب وزیر قانون سے استعفیٰ لیں ورنہ 31 دسمبر تک خود مستعفیٰ ہوجائیں۔

 پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ملک پر کوئی بھی آنچ آئے گی تو سب سے پہلے گولی کے لیے اپنا سینہ پیش کروں گا کیونکہ میں نبی پاک ﷺ کی ذات پر قربان ہونے کو تیار ہوں۔

 انہوں نے پنڈال میں موجود شرکاء سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ کسی بھی صورت میں مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں ڈالیں گے کیونکہ حکومت نے وعدہ خلافی اور غداری کی، پیر حمید الدین سیالوی نے شرکاء سے یہ بھی عہد لیا کہ ہم بکنا، جھکنا اور ڈرنا نہیں ہے۔

 پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ’مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلا جائے، اگر یہ آگ بھڑک اٹھی تو کوئی بھی نہیں بچ سکے گا، حکومت کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے اور غیر مسلموں کو اپنا بھائی کہنے والوں کے خلاف کارروائی کرئے۔

ویڈیو دیکھئے: