"یومِ قائد" کنونشن پرپی ٹی آئی کارکنان نے "فرمانِ قائد" کا کچرا کردیا


لاہور (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے کنونشن میں کارکنوں نے ایوان اقبال کو لڑائی کا اکھاڑا بنا دیا۔ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی تقریر اُدھوری چھوڑ کر چلے گئے۔

24 نیوز کے مطابق پی ٹی آئی لاہور نے قائد اعظم ڈے کے حوالے سے لاہور میں کنونشن کا اہتمام کیا۔ لیکن اس کے کارکن قائد کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم کو بھول بد اخلاقی پر اتر آئے۔ کارکنان پہلے مجھے کیوں نکالا کے نعرے لگاتے رہے، پھر ہمیں کیوں نہیں بلایا کے نعرے لگانے لگے۔

ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھڑے بندی کا شکار جماعت کے کارکنوں کے دل میں لگی آگ پر تیل اس وقت ڈالا گیا جب رکنِ قومی اسمبلی شفقت محمود نے خطاب شروع کر دیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شفقت محمود کی تقریر ختم ہوئی تو شاہ محمود قریشی نے وضاحت کی کہ تمام رہنماؤں کو بلایا گیا ہے۔ جو نہیں آئے ان کی مرضی ہے۔

نمائندہ 24 نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران ایک علیم خان زندہ باد کے نعرے لگ رہے تھے جبکہ دوسری جانب سےعلیم خان مردہ باد کے نعرے گونج رہے تھے۔ کارکن آپس میں لڑتے لڑتے زخمی بھی ہو گئے۔ تمام رہنماؤں نے قائد کے جنم دن کا کیک کاٹا لیکن کھائے بغیر ہی چل دیئے۔