اللہ کے بعد عوام اور عوامی نمائندے حکمران ہیں: مریم نواز


سرگودھا (24 نیوز) مریم نواز نے سرگودھا کنونشن میں آج پھر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، کہا منصف بنیں حکمران نہ بنیں، اپنا اپنا کام کریں اور حکومت چلانا حکمرانوں پر چھوڑیں۔

مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوس کارکنوں کا مورال بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مریم نواز نے سرگودھا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں کو بتایا کہ ان کی پارٹی کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ اللہ کے بعد عوام اور عوامی نمائندے حکمران ہیں، پاکستان کا آئین نہیں کہتا منصف حکمران ہیں، انتقام نے مسلم لیگ ن کو اور بھی طاقت ور کر دیا۔

واضح رہے کہ سرگودھا کنونشن کے لئے بجلی چوری کا مکمل انتظام گیا تھا، ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چرائی گئی۔ شادی بیاہ پر لاوؤڈ اسپیکر چلے تو دولہا سمیت پوری فیملی پر مقدمات درج ہو جاتے ہیں، لیکن سرگودھا کنونشن کی تشہیری مہم پر سرعام لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ہوا۔ ن لیگی ایم این اے نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر والی جیپ تیار کی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ سرگودھا میں آج ہونے والے مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن میں مریم نواز کو دس لاکھ مالیت کا سونے کا تاج پہنایا گیا، تاج میں قیمتی جواہرات نصب ہیں۔