احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے اہم ڈیٹا برآمد


لاہور (24 نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کیس میں اہم پیشرفت، نیب نے احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ہزاروں گیگا بائٹ ڈیٹا حاصل کرلیا، جس میں اعلیٰ شخصیت کے ساتھ گفتگو کا ریکارڈ بھی ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے لئے نئی مشکلات پیدا ہوگئیں۔ نیب نے احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ڈیٹا حاصل کرلیا۔ احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ہزاروں گیگا بائٹ ڈیٹا حاصل کیا گیا، جس میں اعلیٰ شخصیت کے ساتھ گفتگو کا ریکارڈ بھی ملا ہے۔

نیب نے احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا ریکور کرنے کے لئے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں اور احد چیمہ کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ میں موجود سینکڑوں دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی حکومت اور بیورو کریسی احد چیمہ کے حق میں کھل کر سامنے آگئی ، پنجاب حکومت نے گرفتار احد چیمہ کو بیس گریڈ پر ترقی دے دی جبکہ نیب کی جانب سے ٹاپ آفیسر کی گرفتاری کیخلاف صوبے بھر کے افسران نے احتجاج بھی کیا۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن پر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے احد چیمہ کو کرپشن ریفرنس میں 11 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔