انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ :شاہینوں کی کامیاب اُڑان، سیمی فائنل تک رسائی


کرائسٹ چرچ(24نیوز) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا۔


پاکستان کے محمد موسیٰ نے جنوبی افریقہ کے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جنوبی افریقہ کے وانڈیلے میک ویٹو 60 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
بعدازاں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور جنوبی افریقہ کا 190 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 11 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا ،پاکستان کی جانب سے سعد خان نے 26 رنز اسکور کیے جبکہ علی زریاب شاندار 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یاد رہے کہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز ہفتہ 13جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہوا ہے،16 ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 3 فروری تک جاری رہے گا، جس میں شریک ٹیموں کو چار چار کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
حسان خان کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم پاکستان کو گروپ ’ڈی‘ میں افغانستان، سری لنکا اور آئرلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے ،پاکستان اپنا پہلا میچ افغانستان سے 5 وکٹوں سے ہار گیا تھا، تاہم بعدازاں آئرلینڈ کے ساتھ میچ میں فتح کے بعد پاکستان کی ٹورنامنٹ میں واپسی ہوئی، اس میچ میں شاہین آفریدی نے 15 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بعدازاں 19 جنوری کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔