پشاورمیں دھول ،مٹی اور گرد وغبار کا راج


پشاور (24نیوز) دھول ،مٹی اور گرد وغبار کا راج، لوگوں کا جینا محال ہوگیا،سینے اور سانس کی بیماریاں پھوٹنے لگیں، شہریوں نے ماسک کا استعمال شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں ریپڈ بس منصوبے پر کام کی وجہ سے پورا شہر گردوغبار کی لپیٹ میں ہے جس سے شہری گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں مگر اب شہریوں نے اس کا توڑ نکال لیا ہے۔ عام شہری ہوں یا ٹریفک اہلکار بغیر ماسک لگائے گھر سے باہر نہیں نکلتے۔ دھول مٹی اور گردوغبارکے باعث ماسک کے استعمال میں بہت اضافہ ہوا ہے اور اس کاروبار سے وابستہ افراد کی خوب چاندی ہوگئی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ماسک دھول مٹی سے بچاتا ہے۔ اس کے استعمال سے بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے عوام اس کا استعمال ضرور کریں۔ بی آرٹی منصوبے کے آغاز کے بعد روزانہ کے حساب سے سینکڑوں لوگ سینے اور سانس کی شکایات لے کر ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ کپڑے سے بنا یہ ماسک بظاہر تو ایک چھوٹا سا ٹکڑا ہے مگر اس کے استعمال سے بڑی بڑی بیماریوں سے بچاجاسکتاہے۔