سپریم کورٹ نے دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا

سپریم کورٹ نے دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا


(اسلام آباد): سپریم کورٹ نے دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے کا اُردو ترجمہ دھرنے کے شرکا میں تقسیم کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دھرنا از خود نوٹس کی گزشتہ روز ہونے والی سماعت کا حکم نامہ تحریر کیا، عدالت کا کہنا ہے ضروری نہیں دھرنا ختم کرانے کے لیے تشدد کا راستہ اختیار کیا جائے، فیصلے میں کہا گیا کہ آئی ایس آئی کی رپورٹ میں دھرنے والوں کے مقاصد سیاسی ہیں جبکہ آئی جی پنجاب کی رپورٹ کے مطابق طبی امداد نہ ملنے سے بچے کی موت واقع ہوئی۔

عدالت نےریمارکس دیئے کہ اسلام امن کا دین ہے اور بھلائی کا درس دیتا ہے، آئین اسلام کی عظمت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا،عدالت نے کہا ہے کہ ہمارے بارے میں جو کہا گیا اس پر تحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

 عدالت نے دھرنے پر اٹھنے والے سرکاری اخراجات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دیدیا اور آئی ایس آئی اور ایم آئی کو آئندہ سماعت پر جامع اور تفصیلی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دیا۔