جدو جہد کا ایک اور عہد تمام

جدو جہد کا ایک اور عہد تمام


ایبٹ آباد( 24نیوز )ہزارہ صوبہ تحریک کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کرگئے، بابا حیدر زمان صوبہ ہزارہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ تھے، ان کا اصل نام سردار حیدر زمان تھا اور ان کی عمر 75برس تھی۔
سردار حیدر زمان بابا ایبٹ آباد کے دیوال گاوں میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق بنیادی طورپر سردار کڑلال قبیلے سے تھا۔ انہوں نے ایف اے تک تعلیم حاصل کی اور پاکستان ائیر فورس میں ملازمت اختیار کی۔ بابا نے اپنی سیاسی زندگی کا اغاز 1962ءمیں صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑ کر کیا تاہم وہ الیکشن میں ناکام رہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ انتخابات میں کامیابی 1985ءمیں غیر جماعتی بنیادوں پر ہونے والے عام انتخابات میں حاصل کی جب وہ ایبٹ آباد سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
بعد میں وہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ سرحد ارباب جہانگیر خان کی کابینہ میں محکمہ محنت و افرادی قوت کی وزیر بنے۔ 1985ءکی سرحد اسمبلی میں سردار حیدر زمان عمر کے لحاظ سے سب سے بڑے تھے ؛ اسی وجہ سے انہوں اس اسمبلی کے تمام اراکین سے حلف بھی لیا اور اسی دن سے وہ بابا کے نام سے مشہور بھی ہو گئے۔ وہ دو مرتبہ ایبٹ آباد سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے زیادہ تر انتخابات آزاد حیثیت میں لڑے، تاہم وہ پاکستان مسلم لیگ جونیجو اور قاف لیگ میں بھی رہے۔
گزشتہ پندرہ بیس سال سے ایبٹ آباد سے مسلسل قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہارتے رہے ہیں۔ انہوں نے دو مرتبہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کے مقابلے میں انتخاب میں حصہ لیا لیکن ناکام رہے،جس کی وجہ سے ان کا سیاسی کیئریر تقریباً ختم ہوکر رہ گیا۔ تاہم صوبہ سرحد کا نام خیبر پختونخوا رکھے جانے سے ہزارہ ڈویژنمیں جو رد عمل سامنے آیا اور بعد میں اس رد عمل نے جب ایک تحریک کی شکل اختیار کی تواس تحریک نے انھیں دوبارہ زندہ کر دیا۔ بابا حیدر زمان ہزارہ ڈویژنکو ایک الگ صوبہ بنانے کے پرزور داعی ہیں۔