سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنیکی منظوری دیدی

سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنیکی منظوری دیدی


اسلام آباد(24نیوز) سپریم کورٹ نے دیامربھاشا اورمہمندڈیم فنڈکانام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی, عدالت نے ڈیم فنڈکا نام" سپریم کورٹ وزیراعظم دیامیر بھاشا اینڈمہمند ڈیم فنڈ "رکھ دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بینچ نے ڈیم فنڈ کے نام کی تبدیلی سے متعلق سٹیٹ بینک کی درخواست پر سماعت کی،نمائندہ سٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ فنڈزکاپہلے نام سپریم کورٹ دیامربھاشاڈیم فنڈزتھا، وزارت خزانہ نے نام وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ رکھ دیا.چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس میں کہا کہ وزیراعظم نے فنڈزکانام بدلنے کیلئے مجھ سے اجازت لی تھی، وزیراعظم نے کہاتھا فنڈزکومشترکہ کرناچاہتے ہیں،  چیف جسٹس نے کہا فنڈزآنے چاہئیں،نام بےشک کوئی بھی ہو،ہمارا اناکا کوئی مسئلہ نہیں.

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اکاؤنٹ کانام تبدیل کرنے سے کچھ مشکلات آئیں گی، اشتہارات میں اب فنڈزکانام تبدیل کرنا پڑے گا، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرانے اشتہارات ایسے ہی چلنے دیں،نئے اشتہارات میں فنڈزکانام تبدیل کرلیاجائے۔ عدالت نے ڈیم فنڈکانام تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم کے فنڈ کو نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز کردیا۔

سپریم کورٹ نے دادو سندھ میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق درخواست کو بھی قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وفاق،حکومت سندھ، حکومت بلوچستان، پلاننگ کمیشن، واپڈا اور واٹر کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا ہے.

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔