وزیر خارجہ کی نیو یارک میں اہم ملاقاتیں،باہمی امور،عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ کی نیو یارک میں اہم ملاقاتیں،باہمی امور،عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال


نیو یارک(24 نیوز)وزیرخارجہ کی چینی اور ایرانی وزرائے خارجہ س، دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سمیت دیگر اہم ملاقاتیں،مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ملاقات کی جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ایران کے صدر حسن روحانی کے مابین جلد ملاقات ہو گی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سےملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جزو ہیں، ہندوستان کے یکطرفہ اقدام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورت حال کے حوالے سے چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کے امن واستحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات کی اور دولت مشترکہ اور پاکستان کی ترجیحات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے کامن ویلتھ اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کے موثر کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، دیرپا معاشی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں کیریبئین  ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کے نائب وزی اعظم، وزیر برائے صنعت و تجارت و خارجہ امور لوئیس ہلٹن َسٹراکر سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین کی طرح گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات نے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ۔

صدر انٹرنیشنل کرائسس گروپ (آئی سی جی) رابرٹ مالے نے یہاں نیویارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کر کے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، خطے میں دیرپا قیام امن کیلئے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے-

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے نائب وزیر خارجہ ما زوہاؤ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو تہس نہس کرنا چاہتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

نیٹس

نیویارک میں جمہوریہ آذربائیجان پر جمہوریہ آرمینیا کی جارحیت" کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان آرمینیا کی جانب سے متنازعہ خطے کی جغرافیہ، آبادی، معاشی، سماجی اور ثقافتی تشخص اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تبدیلی کے یک طرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے، آزربائیجان کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرے۔ شاہ محمود قریشی نےکہاکہ جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کی طرح یہ معاملہ بھی علاقے کے امن کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer