سسرالیوں نے بہو پر تیل چھڑک کر زندہ جلادیا

سسرالیوں نے بہو پر تیل چھڑک کر زندہ جلادیا


لاہور( 24نیوز ) سسرالی جلاد بن گئے،  شاہدرہ میں سسرالیوں نے پٹرول چھڑک کر بہو کو آگ لگا دی۔متاثر ہ خاتون میو ہسپتال میں زیر علاج تھی ، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبا ز شریف نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق مجیدپارک شاہدرہ کی رہائشی فوزیہ کا شوہر شمریز بیرون ملک ملازمت کرتا ہے، فوزیہ کا اپنے سسرالیوں سے کسی بات پر جھگڑاہو گیا تھا جس پر وہ میکے چلی گئی تھی جس کے بعد اس کے شوہر نے اسے فون کرکے کہاکہ وہ جا کر اس کی والدہ سے معافی مانگ لے۔فوزیہ کے مطابق جب وہ سسرال گئی تو اس کے جیٹھ اکرام، جاوید، نند سحر اور ساس نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعہ کے بعد سسرالیوں نے یہ شور مچانا شروع کر دیاکہ فوزیہ نے خود کو آگ لگالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایس ایس پی تشدد کیس،فیصلہ آج سنایا جائے گا،ملزم عدالت طلب

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمی خاتون کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق فوزیہ پلاسٹک سرجری وارڈ میں زیرعلاج تھی  جبکہ اسے مصنوعی سانس دی جا رہی تھی۔سسرالیوں کے ہاتھوں پیٹرول چھڑک کر جلائی جانے والی خاتون میو اسپتال میں دم توڑ گئی۔           

پولیس نے متاثرہ خاتون کے بیان پر جیٹھ، نند اور ساس کیخلاف مقدمہ درج کر کے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔