ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد ( 24 نیوز ) پاکستان نے عافیہ صدیقی کی واپسی اور ڈاکٹر شکیل آفریدی سے متعلق مؤقف میں تبدیلی کو رد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، اٹھارہ اپریل کو قونصل جنرل نے عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔

صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، اٹھارہ اپریل کو قونصل جنرل نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ بھارتی جارحیت پر کہا کہ قابض بھارتی فوج نے مزید دو نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ یاسین ملک سمیت حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری ظلم و ستم بند کروانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے پاکستان کی خدمات کی پیشکش کی۔ ایران میں وزیراعظم کے بیان کے معاملے پر وضاحت آ چکی ہے، وزیراعظم نے نان سٹیٹ ایکٹرز کی بات کی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتخانے میں کوئی فائرنگ رینج نہیں بن رہی، وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی اہم اور دلچسپ ہو گا۔ وزیراعظم چینی قیادت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔