کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار


کراچی( 24نیوز )کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، شہریوں نے موسم کی خوبصورتی کو دیکھتے ہوئے ساحل پر ڈیرے ڈال دئیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ کئی روز سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث موسم سہانا ہو گیا، رات بھر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور شہری صبح سویرے سے ہی ساحل کی سیر کو نکل پڑے۔
گزشتہ 3روز سے ابر آلود موسم اورہلکی بونداباندی کے ساتھ ٹھنڈی ٹھنڈی ہواﺅں نے عید قرباں کا مزہ اور بھی دوبالا کر دیا تاہم کراچی والوں کو بادلوں کے کھل کر برسنے کا شدت سے انتظار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں جنوب مغرب سے چلنے والی ہوائیں 12 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔