عمران اسماعیل 27 اگست کو گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے

عمران اسماعیل 27 اگست کو گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے


کراچی(24نیوز) وفاقی حکومت نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ مقرر کردیا، نئے گورنر سندھ پیر کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن سندھ حکومت کو بھیج دیا گیا ہے، نوٹی فیکیشن کے تحت عمران اسماعیل کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدرمملکت نے گورنر مقرر کیا ہے. عمران اسماعیل صوبے کے 33ویں گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے. اس سے قبل محمد زبیر گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے تاہم انہوں نے تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت بننے پر انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
عمران اسماعیل نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھ ہر بھروسہ کیا، گورنر کی حیثیت سے وفاق کی نمائندگی کروں گا، تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتا ہوں۔
عمران اسماعیل الیکشن 2018 میں صوبائی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے  تاہم گورنر بننے کے بعد وہ اس نشست سے مستعفی ہوجائیں گے۔سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس 27 اگست کو عمران اسماعیل سے گورنر سندھ کا حلف لیں گے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔