ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 22ویں برسی

ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 22ویں برسی


کراچی ( 24نیوز ) ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 22ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ ان کی اداکاری نے ٹیلی ویژن انڈسٹری پر وہ ان مٹ نقش چھوڑے جو نئے آنے والے فنکاروں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

 70 کی دہائی میں اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مختلف کردار نبھا کر خود کو منوایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں کھویا ہوا آدمی، دھوپ دیوار، سلور جوبلی، تعبیر، اب تم جا سکتے ہو، پناہ، بندش، ہاف پلیٹ اور پڑوسی شامل ہیں۔

ڈرامہ سیریل بندش میں خالدہ ریاست نے اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں میں وہ جگہ بنائی کہ کامیابیاں انکے قدم چومتی چلی گئیں۔ خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا 90 کی دہائی میں بننے والے طویل دورانیے کے کھیل ہاف پلیٹ میں معین اختر کے سنگ اداکاری کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ ہر کردار کو نبھانا بخوبی جانتی ہیں۔

خالدہ ریاست کی کامیابیوں کا سلسلہ مزید دراز ہوتا مگر کینسر جیسے موذی مرض نے اس باصلاحیت اداکارہ کو دیمک کی طرح چاٹ لیا 26 اگست 1996 کو وہ کینسر سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔ مگر ان کی ٹیلیویژن کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی انہیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

 

شازیہ بشیر

   Shazia Bashir   Edito