پاکستان میں سمگل ہونیوالا بھارتی سامان پکڑا گیا

پاکستان میں سمگل ہونیوالا بھارتی سامان پکڑا گیا


( 24نیوز ) کسٹمز حکام نے لاہور اسلام آباد موٹروے پر کارروائی کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بھارتی سامان پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ممبر کسٹمز جواد آغا کی ہدایت پر ماڈل کسٹم کیلکٹریٹ اسلام آباد کی اینٹی سمگلنگ مہم زور و شور سے جاری ہے، اس سلسلے میں کلیکٹر کسٹمز سیما رضا بخاری اور ایڈیشنل کلیکٹر کسٹمز عائشہ بشیر وانی کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز فہد اقبال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

اینٹی سمگلنگ کی اس خصوصی ٹیم نے ہفتہ کے روز M2 موٹروے پر 40 فٹ لمبا کنٹینر پکڑا جو بظاہر تو خالی لگ رہا تھا لیکن اس کےخفیہ خانوں میں سمگلنگ کا مال چھپایا گیا تھا، کسٹمز حکام نے سمگلنگ کا مال قبضے میں لے لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے سامان میں انڈین چیزیں شامل تھیں جو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پہلے انڈیا سے درآمد کرکے افغانستان پہنچائی گئیں اور وہاں سے انہیں پاکستان سمگل کردیا گیا ۔

ضبط کئے گئے سامان کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے، کسٹمز حکام کو مذکورہ کارروائی سے مزید ڈیوٹی ادا کئے بغیر آنے والی گاڑیوں کا بھی سراغ ملا جن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔