کشمیریوں نے بھارتی کرفیو پائوں تلے روند دیا،سری نگر میں مظاہرے

کشمیریوں نے بھارتی کرفیو پائوں تلے روند دیا،سری نگر میں مظاہرے


سری نگر(24 نیوز)مقبوضہ کشمیر میں 22ویں روز بھی کرفیو، پابندیوں کے باوجود سرینگرسمیت مختلف شہروں میں مظاہرے، بھارت سے کشمیر کا قبضہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔

آزادی کے نعروں کو دبانے کیلئے ایک جانب ہزاروں افراد کی گرفتاریاں ہیں تودوسری جانب فائرنگ اورپیلٹ گنز کا خوفناک استعمال، اب تک سیکڑوں نوجوان پیلٹ گنز کے چھرے لگنے سے شدید زخمی ہوگئے ہیں تاہم ان کے حوصلے پھر بھی جوان ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ صحت مند ہوکر دوبارہ احتجاج کریں گے۔

پیلٹ گنز کا نشانہ بننے والے سیکڑوں نوجوان اور بچے بینائی سے محروم ہوچکے ہیں لیکن جذبہ حریت سے سرشار نوجوانوں کا کہنا ہے کہ جب بھی زخم سوکھیں گے وہ پھر آزادی کا نعرہ لگاتے سڑکوں پر ہوں گے۔انسانیت سےعاری قابض بھارتی اہلکار احتجاج کچلنے کیلئے مظاہرین پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گھروں پربھی شیلنگ کررہے ہیں۔

گزشتہ روز آنسو گیس کا ایک شیل کھڑکی توڑ کر ایک گھر میں گرا جس سے دو ننھے بچوں کی ماں شہید ہوگئی۔وادی میں آباد ہوتے شہدا کے قبرستان عالمی ضمیر کو جھنجوڑ جھنجوڑ کر سوال کررہے ہیں کہ بھارتی ظلم و بربریت روکنے کیلئے زبانی دعوؤں کے بجائےعملی اقدامات کب کیے جائیں گے۔کرفیو، پابندیاں اور بدترین لاک ڈاؤن بھی کشمیریوں کے احتجاج کو روکنے میں ناکام رہا،عالمی میڈیا مقبوضہ وادی میں جمعے کی نماز کے بعد ہوئے مظاہروں کو دنیا کو سامنے لے آیا۔

وائس آف امریکا ، رائٹرز اور بی بی سی سمیت عالمی نشریاتی اداروں نے مظاہروں کی کوریج کی۔ سری نگرمیں نمازجمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے پاکستانی پرچموں کے ساتھ مارچ کیا۔مظاہرین کو روکنے کیلئے بزدل بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین پر پیلٹ گن اور شیلنگ کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر  اسد مجید کہتے ہیں کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات امن اور سکیورٹی کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ مودی سرکار نے 90لاکھ کشمیریوں کو قید کررکھا ہے، دنیا اس کا نوٹس لے، اسد مجید  نے ان خیالات کا اظہار ورجینیا میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer