چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا قائد اعظم ڈے کے موقع پر خصوصی پیغام


اسلام آباد  (24 نیوز) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی  قائداعظم کے رہنما اصولوں کی پیروی ہمیشہ کرتی رہے گی۔

انہوں نے قائد اعظم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بھٹو نے پہلا متفقہ آئین دے کر قائداعظم کے خواب کی تکمیل کی ۔ جمہوری نظام اور ناقابل تسخیر دفاع کی بنیاد رکھ کر قائد کا خواب پورا کیا، قائد کے ویژن کو آمریتوں اور کلاشنکوف کلچر و انتہاپسندی نے نقصان پہنچایا۔

 پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے مشن و ویژن کی علمبردار بنی رہے گی۔ پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق جمہوری و ترقی پسند بنائِں گے ۔ پاکستان کو ایک رول ماڈل جمہوری مسلم ریاست بنائیں گے اور ملک کے بانی اجداد کے پاکستان کے متعلق ہر خواب کی تعبیر کریں گے۔ ملک میں مضبوط جمہوریت، ترقی پسند و روادری پر مبنی خوشحال معاشرہ قائم کریں گے۔