پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا


سنچورین ( 24 نیوز ) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج شروع ہوگا، قومی ٹیم نے پروٹیز کو ٹف ٹائم دینے کا پلان بنا لیا، میچ سے قبل خوب پریکٹس کی، سنچورین میں میدان پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے لگے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے میزبان ٹیم جنوبی افریقا کو قابو کرنے کیلئے کمر کس لی، پروٹیز کے دیس میں ڈیرے ڈالنے کے بعد خوب پریکٹس بھی کی، پاکستان   ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اورگزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پرکوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔ قومی ٹیم کے پاس جنوبی افریقا کو شکست دینے اور ایک دہائی پرانی ناکامی کی روایت کو توڑنے کا سنہری موقع ہے،  جنوبی افریقی ٹیم اے بی ڈویلئرز کے بغیر میدان میں اترے گی تاہم شاہینوں کو ڈیل اسٹین اور رابادا کا سامنا پراعتماد انداز میں کرنا ہوگا۔

فاسٹ بولر محمد عباس اور اسپنر شاداب خان انجری کے باعث میچ نہیں کھیل سکیں گے جبکہ فخر زمان اورامام الحق اوپننگ کریں گے۔ اسکواڈ میں اظہرعلی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جبکہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔