سابق ایم این اے علی رضا عابدی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی



کراچی ( 24نیوز )گھر کے باہر قتل کیے جانیوالے سابق ایم این اے علی رضا عابدی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزیر علی زیدی سمیت سیاسی ،سماجی شخصیات،عزیز و اقارب سمیت اہل کراچی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے،وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ علی رضا عابدی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،مہاجر نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے،انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاںبر نہ ہوسکے، علی رضا عابدی کو سر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، وزیراعظم اور وزیراعلی سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کراچی کےعلاقے خیابان غازی میں سابق رہنماایم کیو ایم علی رضا عابدی گھر کے باہر قریب پہنچے تو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی شدید زخمی ہوگئے۔

علی رضا عابدی کو چار گولیاں لگیں،انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کرگئے، پولیس کے مطابق علی رضا عابدی کے سر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، حملے میں علی رضا عابدی کے ڈرائیور کو بھی گولیاں لگیں۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کیے، ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق علی رضا عابدی پر حملہ ٹارگٹڈ کارروائی لگتی ہے،ادھروزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔دوسری جانب علی رضا عابدی پر حملے کے بعد شہر کے حالات کشیدہ ہیں،واقعے کے بعد دکانیں اور مارکیٹس بند کرا دی گئیں ہیں۔

سید علی رضا عابدی نے آخری ٹویٹ اپنے انتقال سے 4 گھنٹے پہلے کیا تھا. علی رضاعابدی نے اپنے آخری ٹویٹ میں کہا کہ وزرا نیب کے ترجمان بنے بیٹھے ہیں. پی ٹی آئی کے وزرا کی پریس کانفرنس میں کنٹینروالے الزامات لگائے گئے. ن لیگ کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزراکے پا س کہنے کوکچھ نہیں تھا.

واضح رہے کہ علی رضا عابدی نے ستمبر میں ایم کیو ایم پاکستان کو خیر باد کہا تھا۔  پیپلز پارٹی کے رہنما سعیدغنی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ علی رضاعابدی پیپلزپارٹی کو جوائن کرنےوالےتھے،علی رضاعابدی کی آصف زرداری سےملاقات بھی ہوئی تھی۔

 خیال رہے کہ آج سے دو دن پہلے بھی کراچی   کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں  2 افراد قتل اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔