پیپلز پارٹی کا مشن ملک سے غربت، بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے: آصف زرداری

پیپلز پارٹی کا مشن ملک سے غربت، بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے: آصف زرداری


اسلام آباد (24 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مشن ملک سے غربت ، بیروزگاری اور جہالت کا خاتمہ کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدیدار بلاول بھٹو کے سفیر بن کر ہر نوجوان کو یہ پیغام پہنچائیں کہ بلاول آپ کے بہترین اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ آر اوز نے انتخابات چرائے اور نواز شریف اقتدار میں آئے مگر اب ایسے حالات نہیں جو 2013ء میں تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے بے شمار رکاوٹیں پیدا کی گئی تھیں۔ اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں۔ ہم سب مل کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خوابوں کی تعبیر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ تھا، خواتین کو بااختیار بنانا ان کا مشن تھا۔ شہید بینظیر بھٹو کی نظر میں ملک کا ہر بیٹا بلاول اور بیٹی بختاور تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری اور میرا مشن بھی یہی ہے کہ ملک کو غربت ، بیروزگاری اور جہالت سے پاک کیا جائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کے ثمرات عوام تک پہنچتے ہیں۔ نوجوانوں کو روز گار ملنے کی امید ہوتی ہے، مہنگائی کنٹرول میں رہتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آج سے ہی انتخابی مہم شروع کر دیں، اپنے اپنے محاذ پر ڈٹ جائیں۔