بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری

بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری


کراچی(24نیوز) بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں مزید ساڑھے سولہ کروڑ ڈالر سے زیادہ کی کمی ہو گئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران غیر ملکی قرضوں کی واپسی سود اور دوسری سرکاری ادائیگیوں کے باعث مرکزی بینک کے ذخائر میں 16 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ان کا حجم 13 ارب 53 کروڑ 28 لاکھ ڈالر رہ گیا، تاہم اس دوران کمرشل بینکوں کے پاس ڈالروں میں 3 کروڑ 51 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور ان کا حجم 6 ارب 10 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہو گیا،، جس کے باعث ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 13 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کی کمی سے 19 ارب 64 کروڑ 4 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

درآمدات میں اضافہ اور بیرونی قرضوں کی واپسی کے باعث رواں مالی سال کے دوران تقریبا 3 ارب ڈالر کے نئے قرضوں کے باوجود اب تک مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کی ذخائر میں 2 ارب 61 کروڑ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔