آپریشن کی وجہ سے کراچی کےحالات میں نمایاں بہتری آئی: ڈی جی رینجرز سندھ

آپریشن کی وجہ سے کراچی کےحالات میں نمایاں بہتری آئی: ڈی جی رینجرز سندھ


کراچی (24 نیوز) ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ایسے واقعات کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کھارا در کے علاقے میں گرنیڈ حملے اور شرپسند عناصر کی جانب سے تاجر برادری کو موصول ہونے والی بھتے کی کالوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ایسے واقعات کے مکمل تدارک کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ اس سلسلے میں تاجر برادری کا تعاون خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ کراچی چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تمام عہدیدارن اس بات کو یقینی بنائیں کہ مارکیٹ کی متعلقہ ضروریات کے لیے جمع ہونے والی رقم اور فنڈز کا مکمل ریکارڈ مرتب ہو۔