شوبز ستارے سیاست کے آسمان پر چمکنے کو بے تاب

شوبز ستارے سیاست کے آسمان پر چمکنے کو بے تاب


لاہور(ویب ڈیسک)ملک بھر میں عام انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے،ووٹرز آئندہ حکومت کے انتخاب کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، اس بارسیاستدانوں اور عام عوام کے ساتھ اداکار بھی بے حد پرجوش ہیں اور بڑھ چڑھ کر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان کے نامور گلوکار ابرارالحق عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر ہیں اور طویل عرصے سے پی ٹی آئی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ابرارالحق نارووال کے حلقے این اے 78 سے انتخابی امیدوار ہیں۔ ابرارالحق کے مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اورسابق وزیر داخلہ احسن اقبال ہیں۔
جواد احمد بہترین گلوکار ہونے کے ساتھ عوامی خدمت کا جذبہ بھی رکھتے ہیں ”برابری پارٹی“ کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی، تین حلقوں سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔جواد احمد کراچی کے حلقے این اے 246 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مقابلہ کریں گے، لاہور نوکے حلقے این اے131 میں جواد احمد کا مقابلہ مسلم لیگ(ن) کے خواجہ سعد رفیق اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ہوگا۔ جب کہ لاہور 10 کے حلقے این اے 132 سے جواد احمد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے مقابلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  ملک بھر میں پولنگ جاری،جھگڑے،دھماکے،33افراد شہید،متعدد زخمی

اداکار ساجد حسن بھی شوبزکے علاوہ سیاست میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں، کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں،اداکار ایوب کھوسہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی کے حلقے پی ایس 101 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں،ماضی کی اداکارہ گل رعنا پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کراچی کے علاقے لانڈھی کے حلقے پی ایس 94 سے الیکشن میں کھڑی ہورہی ہیں۔