امریکا ایران کشیدگی زور پکڑ گئی،ٹرمپ نے فوج کو بڑا حکم دیدیا

امریکا ایران کشیدگی زور پکڑ گئی،ٹرمپ نے فوج کو بڑا حکم دیدیا


واشنگٹن( 24نیوزایران سے شدید کشیدگی کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی فوج کو مشرقی وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ہزار کے قریب امریکی فوج جنگی ساز وسامان، ہیلی کاپٹر، پیٹریاٹ میزائل اور طیاروں کے ساتھ مشرقی وسطیٰ پہنچیں گی،غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس امر کی امریکی وزیردفاع نے تصدیق کردی، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا ہے اور یہ ایک محتاط دفاعی اقدام ہے جس کا مقصد مستقبل میں اشتعال انگیزیوں سے بچنا ہے، ہماری فورسز کے تحفظ کو بہتر بنانا اور ایرانی فورسز کی طرف سے موجود خطرے کے خلاف امریکی فورسز کی حفاطت کو یقینی بنانا ہے۔

امریکا رواں ماہ اپنا طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس ابراہام لنکن بھی مشرق وسطیٰ میں تعینات کر چکا ہے جبکہ قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر جدید بمبار طیارے بی 52 بھی پہنچا دیے تھے، دوسری جانب سپاہ پاسداران کے مرکزی رہنما علی فدوی نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز کے شمال میں مکمل کنٹرول ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی بھی خاموش نہیں بیٹھے انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی قوم اقتصادی جنگ میں ایک بار پھر دشمنوں کو پشیمان کردے گی،ایرانی جانثاروں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم دشمنوں کے مقابلے میں پورے وقار کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، دشمن ، ایرانی قوم کو عزت و آزادی سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایرانی قوم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی اور وہ دشمنوں کو پشیمان کردے گی۔