پولیس کا بہیمانہ تشدد، دوران حراست ملزم جاں بحق

پولیس کا بہیمانہ تشدد، دوران حراست ملزم جاں بحق


فیصل آباد ( 24 نیوز ) پولیس کے مبینہ تشدد سے ملزم جاں بحق ہوگیا، مقتول کے لواحقین نے لاش ریلوے ٹریک پر رکھ کر احتجاج کیا، پولیس اور مظاہرین میں پتھراؤ سے 4 خواتین زخمی ہوگئیں، ٹرینیں سات گھنٹے تک لیٹ ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق جھمرہ پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گزشتہ رات دو بھائیوں کو حراست میں لیا، جن میں سے ایک کی پولیس حراست میں ہلاکت پر لواحقین سراپا احتجاج بن گئے، مقتول کے ورثا نے میت ریلوے ٹریک پر رکھ کر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی، پولیس اور مظاہرین میں پتھراؤ بھی ہوا، جس سے 4 خواتین زخمی ہوگئیں۔

آئی جی پنجاب نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی، ایس پی مدینہ ڈویژن میاں اکمل بھی مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچے اور انصاف کا وعدہ کیا۔

لواحقین کے احتجاج کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بند رہی، جس کے باعث مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سات گھنٹے بعد پولیس اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہوئے جس پر احتجاج ختم کیا گیا، مظاہرین کے منتشر ہونے پر ٹرینوں کو منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔