گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے:وزیر اعظم



بیجنگ(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے،ون بیلٹ روڈ منصوبے کا حصہ ہونے پر پاکستان کو فخر ہے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے  چین کے میگا منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے 5 نکات پیش کردیے۔

وزیراعظم عمران خان نے خطاب کے دوران اپنے پیش کردہ پانچ نکات میں کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلیے مشترکہ کوششیں، سیاحت کا فروغ ، کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کے خلاف مشترکا حکمت عملی، غربت کے خاتمے کے لیے فنڈز کا قیام اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے ماحول بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام ہوگا، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی اور چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے۔

  منصوبہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھی اہم ہے تاہم پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے۔

خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہوگا ہم بنیادی ڈھانچے، ریلوے ، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں اس کے ساتھ زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ غربت کے خاتمےکے لیے پاکستان میں احساس کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے اور ماحول کی بہتری کے لیے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہا ہے کیونکہ وائٹ کالر کرائم ہی ترقیاتی کاموں کو برباد کرتا ہے۔

اس دوران وزیر اعظم نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پُرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ فورم باہمی رابطوں اور شراکت داری کا اہم ذریعہ ہے اور پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر چین کی قیادت کا شکرگزار ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پُرامن اور ترقی یافتہ دنیا کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لے بھر پور کوششیں کر رہا ہے۔ون بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کاخواب حقیقت کاروپ دھاررہاہے، پاکستان کوفخرہے کہ وہ اس منصوبے کاحصہ ہے، پاکستان کی غیرمشروط حمایت پر چین کی قیادت کے شکرگزارہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer