سات افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

سات افراد کے نام ای سی ایل میں شامل


اسلام آباد(24نیوز) وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے 7 افراد کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے نیب کو باقاعدہ ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں بھیجے گئے تمام نام ای سی ایل میں ڈالنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے خط میں بتایا گیا ہے کہ احتساب بیورو کی درخواست پر 7 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں جن میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، (ن) لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نام بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مبین صولت، شاہد اسلام الدین، عمران الحق، عظمیٰ عادل خان اور عامر نسیم کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

واضح رہےکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے خلاف نیب ایل این جی کیس کی تحقیقات کررہا ہے، اس سلسلے میں شاہد خاقان کئی مرتبہ نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں جب کہ مفتاح اسماعیل نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی حاصل کررکھی ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer