منیر نیازی کی 11 ویں، پروین شاکر کی 34ویں برسی آج منائی جا رہی ہے


لاہور (24 نیوز) اردو پنجابی کے مشہور شاعرمنیر نیازی کی آج 11ویں اور خوشبوؤں کی شاعرہ پروین شاکر کی 24ویں برسی ہے۔

منیر نیازی ایک صاحب اسلوب شاعر تھے۔ وہ زندہ شاعری کرتے اور زندہ دل شخصیت کے مالک تھے۔ وہ مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ تقسیم کے بعد وہ لاہور آگئے اور یہاں وہ کئی اخبارات و ریڈیو اور بعد میں ٹیلیویژن سے وابستہ رہے۔ وہ بیک وقت شاعر، ادیب اور صحافی تھے۔ انہیں بہت جدوجہد بھری زندگی گزارنا پڑی۔ جس کی بھرپور عکاسی ان کی شاعری سے ہوتی ہے۔ منیر نیازی نے 26 دسمبر 2006ء کو لاہور میں وفات پائی۔

محبت کی خوشبو شعروں میں سمونے، کومل لہجے اور جدید شاعری کا اہم نام پروین شاکر 24 نومبر 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ پروین سے پہلے کسی شاعرہ نے نسوانی جذبات کو اتنی نزاکت سے بیان نہیں کیا۔ ان کی شاعری میں روایت سے انکار اور بغاوت نظر آتی ہے۔

ادبی خدمات پر انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی اور آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 26 دسمبر 1994 کو یہ خوبصورت شاعرہ کار حادثے میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔