شاہ زیب قتل کیس،سماجی کارکنوں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا

شاہ زیب قتل کیس،سماجی کارکنوں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا


کراچی (24نیوز)  شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے اور ملزمان کی رہائی کے خلاف ، سماجی کارکنان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے رجوع کرلیا درخواست سماجی کارکنان نے کیا موقف اپنایا اس رپورٹ میں جانیئے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شاہ زیب قتل کیس میں اہم پیش رفت یعنی ، شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت پر رہائی اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دس سماجی کارکنان نے اپیل دائر کردی،اپیل دائر کرنے والوں میں جبران ناصر، فدا حسین ، کرامت علی اور دیگر شامل ہیں۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حکومت اور مقتول کے ورثہ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جس کی وجہ سے ہم شہریوں نے خود یہ اپیل دائر کی ہے،شہری اس لئے متاثرہ فریق ہیں کہ ان ملزمان کے اقدام سے سماج میں دہشت پھیلی تھی۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا اور مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کرکے کیس سیشن کورٹ بھیجنے کا حکم دیا تھا،سیشن کورٹ نے صلح کے بعد شاہ رخ جتوئی، سراج تالپور سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔