2017 پاکستان کرکٹ میں چیمپیئنز کے سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا


کراچی (24 نیوز) سال 2017 پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں بطور چیمپئینز یاد رکھا جائے گا۔ اس سال پاکستان نے اوول کے تاریخی میدان پر روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر 25سال بعد آئی سی سی کے کسی ون ڈے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور افتتاحی میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ اورسری لنکا کو شکست دے کرسیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے گوروں کو ان کی سرزمین پر شکست دے کر دنیائے کرکٹ پر اپنی کارکردگی ثابت کر دی۔

18 جون کو اوول کے تاریخی میدان پر چیمپئینز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف کامیابی کے سبب انڈین ٹیم کو فائنل میں فیورٹ قراردیا جارہا تھا مگر اُس روز قسمت کی دیوی پاکستانی ٹیم پرمہربان تھی۔

فخرزمان کی شاندارسنچری، اظہر علی اور محمدحفیظ کی نصف سنچریوں کے ساتھ پاکستانی باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے سبب پاکستان نے فائنل میں بھارتی سورماؤں کو نشان عبرت بناڈالا۔

چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد قومی ہیروز وطن واپس پہنچے تو ملک میں عیدالفطر سے پہلے ہی عید کا سماں تھا۔ کھلاڑیوں کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا۔

چیمپئنزٹرافی میں شاہینوں کی کامیابی کو 1992ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم کی کرکٹ کے میدانوں میں سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔