قانون سب کیلئے برابر،عدالتوں کا دہرا معیار ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا:مریم اورنگزیب


اسلام آباد(24نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا فیصلہ کل پارٹی اجلاس میں ہوگا اور اس سے پہلے اس بارے میں بات کرنا مناسب نہیں۔ قانون سب کیلئے برابر،عدالتوں کا دہرا معیار ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا -

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانون سب کےلیے برابر نہ ہو اور دہرا معیار پاکستان کےلئے نقصان دہ ہو گا، بہت سارے سوالات اٹھ رہے ہیں، عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت سے مفرور رہے، انہوں نے پہلی مرتبہ درخواست دی اورانہیں استثنیٰ دے دیا گیا، ایک شخص جو عدالت نہیں آتا، پارلیمنٹ پر حملہ کرتا ہے اور اسے استثنیٰ دیا جا رہا ہے لیکن ایک شخص نے پنجاب میں پراجیکٹ لگائے اور اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے، جن الزامات پر وزیراعظم کو فارغ کیا جاتا ہے انہیں بھی دیکھا جانا چاہیے۔ وہ جو عدالت میں پیش ہوتے ہیں انہیں بیمار ماں اور بیوی سے ملنے نہیں دیا جاتا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے، ہر بچہ جان چکا ہے کہ (ن) لیگ کو توڑنے کی سازش ہو رہی ہے، مریم نواز عوام کے ووٹ کے تقدس کا مقدمہ لڑ رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) کی صدارت کا فیصلہ کل پارٹی اجلاس میں ہوگا اور اس سے پہلے اس بارے میں بات کرنا مناسب نہیں، ویسے موزوں ترین پارٹی صدارتی امیدوار شہباز شریف ہیں لیکن اس حوالے سے پارٹی قیادت بیٹھ کر فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے تمام امیدواروں کو آزاد کر دیا جائے تو اکثریت مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔