آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کیس : ملزم شاہد شفیق مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے


لاہور(24نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار ملزم شاہد شفیق کو مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔
قومی احتساب بیورو( نیب ) نے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی نشاندہی پر گزشتہ روز بسم اللہ کمپنی کے سی ای او فیصل سبحان کو گرفتار کیا تھا۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار شاہد شفیق ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں تھے اور اس دوران ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر پر نیب کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور نیب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی درخواست کی، شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی جس میں ان کی اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق پیشی کے وقت شاہد شفیق کی حالت بالکل درست تھی، وہ ذہنی اور جسمانی طور پربالکل تندرست ہیں البتہ انہیں صرف معمولی ڈپریشن تھا۔
دوسری جانب نیب نے ملزم شاہد شفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں نیب نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی تو ملزم کے وکلا نے اسے مسترد کردیا۔